*ہندوستان کی یونی ورسٹیوں میں اردو تحقیق*محمد شمس الدین

نام کتاب: ہندوستان کی یونی ورسٹیوں میں اردو تحقیق
مصنف: شاہانہ مریم شان
صفحات: 411، قیمت: 450
ناشر: ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس ، دہلی
مبصر: محمد شمس الدین،
اسسٹنٹ ٹیچر، شعبۂ اردو، دہلی یونی ورسٹی، دہلی
…………………………………………………………………………………………
اردو زبان و ادب کو معیار عطا کرنے کے لئے تحقیق و تنقید کی ضرورت ناگزیر ہے۔ اردو کے اہم محققین میں محمود خاں شیرانی،مسعود حسن خاں رضوی ادیب، امتیاز علی خاں عرشی، قاضی عبد الودود، خواجہ احمد فاروقی، رشید حسن خاں، محمود الٰہی،تنویر احمد علوی، گیان چند جین اور گوپی چند نارنگ وغیرہ کا نام اہم ہے۔اگر جامعاتی تحقیق پر غور کریں تو آزادی سے قبل ہی یونی ورسٹیوں میں اردوتحقیق شروع ہوگئی تھی، اور آزادی کے بعد تو اکثر یونی ورسٹیاں اردو میں تحقیق کی ڈگری دینے لگیں اور آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ لیکن ان یونی ورسٹیوں میں ریسرچ کرنے والے طلبہ کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ دوسری یونی ورسٹیوں میں ہوئے کاموں کے سلسلے میں انہیں واقفیت نہیں ہوتی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس بات کا پتہ لگانا بہت مشکل ہے کہ کس یونی ورسٹی میں کن کن موضوعات پر تحقیقی کام ہوا ہے،یا ہورہاہے اور محقق اور نگراں کا نام یا سال ایوارڈ کیا ہے۔ ان تفصیلات کے بارے میں عدم واقفیت ہونے کی وجہ سے کئی یونی ورسٹیوں میں ایک ہی موضوع پر کئی ریسرچ اسکالرس اپنی صلاحیتیں صرف کردیتے ہیں۔ اکثر و بیشتر اس بات کا پتہ بھی نہیں چل پاتا کہ نثر ، تحقیق، ناول، افسانہ، خطوط، طنز و مزاح، یا نظم، غزل،مرثیہ، قصیدہ وغیرہ کس موضوع پر کتنا کام ہوا ہے یا ہورہا ہے اور کن موضوعات پر ابھی کام نہیں ہوا ہے۔جب تحقیقی عناوین پر نظر پڑتی ہے تو پتہ چلتا ہے کہ بعض شخصیات جیسے غالب ، اقبال اور پریم چندوغیرہ پر تو بہت کام ہوا ہے مگر کئی اہم موضوعات ایسے ہیں جن پر ابھی تک کوئی کام نہیں ہوا ہے، یا ہوا بھی ہے تو بہت کم اور ان پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ نئے موضوعات جیسے فلم، صحافت اور ٹیکنالوجی پر بہت ہی کم کام ہوا ہے۔
شاہانہ مریم شان کی کتاب ’’ہندوستان کی یونی ورسٹیوں میں اردو تحقیق‘‘ میں جیسا کہ کتاب کے نام سے واضح ہے، ہندوستان کی یونی ورسٹیوں میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے جو تحقیقی کام ہوئے ہیں ان کی فہرست پر مشتمل ہے۔ شاہانہ مریم نے کافی محنت سے مواد اکٹھا کیا ہے اور ایک ایسی چیز قارئین کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کی ہے جس کی ضرورت اردو تحقیق و تنقید سے وابستہ ہر فرد کو تھی۔ اس کتاب میں انہوں نے ہر موضوع کے بارے میں یونی ورسٹی کا نام، محقق ، نگراں اور سال ایوارڈکی تفصیل فراہم کی ہے۔ کتاب کے شروع میں چند اہم موضوعات مثلاً شخصیات،علاقائی ادب ، دکنیات، تحقیق جیسے موضوعات پر کن کن عناوین کے تحت تحقیقی کام ہوئے ہیں، ان کو بیان کیا ہے۔ اس کے بعدہر یونی ورسٹی کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے موضوعات کی تفصیل ہے۔ ترتیب دیتے وقت سن ایواڑ کا خیال رکھا گیاہے۔ البتہ ان سے کچھ خامیاں بھی رہ گئی ہیں جیسے کہ کئی جگہوں پرسن تحقیق نہیں دیا گیا ہے، کئی جگہ نگراں کا نام بھی نہیں ہے۔یہ کتاب 2012میں آئی ہے لیکن کئی یونی ورسٹیوں کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے مقالوں کی فہرست اس وقت تک کی نہیں ہے۔ ہوسکتا ہے کہ انہیں یہ معلومات حاصل نہ ہوسکی ہوں۔ لیکن محترمہ اگرمزید محنت کرتیں تو یہ معلومات حاصل کرسکتی تھیں۔ ہندوستان کی اکثر یونی ورسٹیاں سال کے آخر میں تحقیقی مقالات کی فہرست شائع کرتی ہیں۔ کئی اہم یونی ورسٹیاں یہ فہرست آن لائن بھی فراہم کرتی ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ محترمہ آئندہ ایڈیشن میں ان باتوں کا خیال رکھیں گی۔ اس کتاب میں تحقیقی مقالات کی فہرست سازی میں جو بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں وہ کافی اہم ہیں۔ امید ہے کہ ریسرچ اسکالرس اور اردو دوست عوام کے یہاں یہ کتاب قدر کی نگاہ سے دیکھی جائے گی۔
٭٭٭

Leave a Reply

1 Comment on "*ہندوستان کی یونی ورسٹیوں میں اردو تحقیق*محمد شمس الدین"

Notify of
avatar
Sort by:   newest | oldest | most voted
trackback

[…]  ہندوستان کی یونی ورسٹیوں میں اردو تحقیق        […]

wpDiscuz
Please wait...

Subscribe to our newsletter

Want to be notified when our article is published? Enter your email address and name below to be the first to know.