ڈاکٹرمحمداسلم پرویز مولاناآزادنیشنل اردویونیورسٹی کے وائس چانسلر منتخب:مبارکباد کا سلسلہ جاری
نئی دہلی
ڈاکٹرذاکرحسین دلی کالج دہلی نیورسٹی کے پرنسپل ڈاکٹرمحمداسلم پرویز کو مولاناآزاد نیشنل اردویونیورسٹی کا وائس چانسلر مقررکیاگیاہے۔ڈاکٹراسلم پرویز نے دہلی کالج سے بوٹنی سے بی ایس سی کرنے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم سی اورپی ایچ ڈی کی تعلیم مکمل کی۔اس کے بعدوہ کچھ دنوں تک علی گڑھ میں ہی درس وتدریس سے وابستہ رہے ۔پھر وہاں سے ذاکرحسین دلی کالج میں بحیثیت استاد آگئے اوریہاں۱۹۸۴سے اب اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ۲۰۰۶سے وہ ذاکرحسین دلی کالج کے پرنسپل مقررہوئے۔مولاناآزاد نیشنل اردویونیورسٹی کے قیام کے ابتدائی زمانے میں انھوں نے بڑااہم رول اداکیاچنانچہ سب سے پہلے یونیورسٹی کا دہلی ریجنل سینٹرڈاکٹرمحمداسلم پرویز نے ہی قائم کیااوروہ دہلی کے سب سے پہلے ریجنل ڈائریکٹربنے۔انھوں نے اسلام کی عصری اور سائنسی تفہیم کے حوالے سے بڑااہم کام کیاہے ۔دنیاکے مختلف ملکوں میں اس موضوع پرانھوں نے مقالے بھی پیش کیے ہیں۔۔اہل اردومیں سائنس کے تئیں بیداری پیداکرنے کے لیے انھوں نے ’سائنس‘رسالہ جاری کیا اوجوگذشتہ ۲۲سال سے مسلسل شائع ہورہا ہے۔انھوں نے اردومیں مسلمانوں کے درمیان سائنسی بیداری پیداکرنے میں اہم رول اداکیاہے اوردنیاکے مختلف ملکوں میں بھی انھوں نے اس سلسلے میں کام کیا۔خاص طور سے قرآن کریم کو سائنسی اصول اورتجربات کے مطابق پیش کرنے میں انھیں مہارت حاصل ہے۔ملک کے قومی روزناموں میں انھوں نے سائنس کے حوالے سے مختلف مضامین بھی لکھے ہیں۔
اس سلسلے میں شعبہ اردودہلی یونیورسٹی کے صدر پروفیسرابن کنول نے ڈاکٹرمحمداسلم پرویز کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ اردوزبان وادب کے فروغ میں ڈاکٹراسلم پرویز نمایاں خدمات انجام دیں گے۔ان کی انتظامی صلاحیتوں کی وجہ سے ذاکرحسین دلی کالج میں دہلی یونیورسٹی کے کالجوں میں ایک نمایاں مقام حاصل کیاہے۔ہمیں امید ہے کہ مولاناآزاداردو یونیورسٹی بھی ہندوستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے مقابل آسکے گی۔ڈاکٹراسلم پرویز نے سائنس کے طالب علم اوراستاد ہونے کے باوجوداپنی مادری زبان کاحق ادا کیا ہے۔وہ اردوزبان اورادب سے بے حد محبت کرتے ہیں۔